اڈپی،23؍ جولائی (ایس او نیوز) ایک شخص کو شراب کے نشے میں مدہوش کرنے کے بعد اسے قتل کرنے کا معاملہ ثابت ہونے پر چیف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ کے جج سبرامنیا نے دو ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ راحیندرا اور سنتوش کے گھر والوں کو شراب کے نشے میں مست رہنے والا پیشہ سے قلی اینڈریو مارٹس عرف اننو پوربولو اکثر ستایا کرتا تھا اور گالی گلوچ کیا کرتا تھا۔ اس سے ناراض ہوکر راجیندرا نائک (49 سال)اور سنتوش پجاری (41) نے 25 جنوری 2019 کے دن اینڈریو کو خوب شراب پلا کر مدہوش کرنے کے بعد قتل کردیا۔
پولیس تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ راجیندرا اور سنتوش نے قلی اینڈریو کو شامیانہ سے متعلق کام پر لے جانے کے بہانے ایک شراب خانہ میں لے جا کر خوب شراب پلائی ۔ پھر ایک بوتل پارسل کے طور پر لے کر اینڈریو کو اپنے ساتھ کاوپ تعلقہ کے ایک جنگلاتی علاقے میں لے گئے ۔ وہاں پر انہوں نے اس کے ہاتھ اور پیر رسیوں سے باندھ کر لاٹھی سے پیٹا اور اس کے بعد نائلون رسی کا ایک سرا درخت سے باندھنے کے بعد اس رسی کا پھندا اینڈریو کے گلے میں پھنسانے کے بعد دوسرا سرا اس وقت کھینچتے رہے جب تک اینڈریو کی موت واقع نہیں ہوئی ۔ پولیس اسٹیشن میں کیس درج ہونے کے 12 گھنٹے کے اندر ہی پولیس نے راجیندرا اور سنتوش کو گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس انسپکٹر مہیش پرساد نے اس معاملے کی تحقیقات کی تھی جس کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے پر عدالت سے مجرموں کو سزائے عمر قید سنائی ۔ پبلک پراسیکیوٹر شانتی بائی نے وکیل استغاثہ کی ذمہ داری نبھائی ۔